پاکستان یا آسٹریلیا: شنیرا نے اپنی فیورٹ ٹیم بتادی

November 11, 2021

سوئنگ کے سلطان اور سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو سپورٹ کریں گی۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک صارف نے شنیرا سے سوال کیا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کونسی ٹیم کو سپورٹ کریں گی۔

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

شنیرا اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’میرا جواب ہے کہ میں سیمی فائنل میں پاکستان کی جیت کو پسند کروں گی کیونکہ مجھے کرکٹ کے جنونی ملک کو جیتتا دیکھ کر زیادہ خوشی ہوگی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے ہاتھ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی دیکھ کر خواب پورا ہوگا۔‘

شنیرا نے یہ بھی کہا کہ ’اگر آسٹریلیا سیمی فائنل میں جیت جاتا ہے تو یقیناً مجھے تب بھی بہت خوشی ہوگی۔‘

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج ناقابل شکست پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔