جے ایس بلنک اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل اکاؤنٹ اوپننگ کا کامیابی سے آغاز

November 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جے ایس بینک نے"جے ایس بلِنک"کے نام سے اینڈ-ٹو-اینڈ ڈیجیٹل اکاؤنٹ اوپننگ کی زبردست سہولت کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہےاور اب صارفین جے ایس موبائل ڈاؤن لوڈ کرکے یا جے ایس بینک کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا مکمل چیکنگ اکاؤنٹ نہایت آسانی سے کھول سکتے ہیں۔اس سہولت کی فراہمی کے ساتھ جے ایس بینک پاکستان کے اُن چند اولین بینکوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیجیٹل فریم ورک کے ساتھ مطابقت میں اس پائلٹ پروگرا م کا آغاز کیا ہے ۔ "جے ایس بلِنک" پاکستان میں فِن ٹیک کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل کی اہمیت رکھتاہے، اور پاکستان میں کسٹمر بینکنگ کی ایک نئی جہت متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ میلینیلز اور ٹیکنالوجی سے وابستہ نئی نسل کو روایتی بینکاری نظام میں لانے کیلئے ماحول کو سازگار بنائے گا کیونکہ اس جدید سروس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے روایتی بینکاری کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔جے ایس بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر نعمان اظہر نے کہا کہ"اپنےصارفین کی زندگی میں آسانی اور بہتری لانے کیلئے یہ ایک اہم اِقدام ہے اور یہ ذاتی حیثیت میں برانچوں پر آنے کی ضرورت کو ختم کرکے صارفین کی ڈیجیٹل بینکنگ کی ترجیحات میں اضافہ کرےگا۔ہم جے ایس بینک میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رہنمائی کے مطابق عوامی سطح پرمالیاتی خدمات کی رسائی کو بہتر بنانے کے عزم پر تواتر کے ساتھ کاربند ہیں۔ جے ایس بلِنک جے ایس بینک کی متعدد فِن ٹیک مصنوعات میں سے ایک ہے جس کا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔جے ایس بینک بینکنگ انڈسٹری میں ڈیجیٹل فرسٹ اپروچ کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے جس کا بنیادی مقصد ٹیکنالوجی کی مضبوط بنیاد پر استوار ایک ایسےٹیک کلچر کو فروغ دینا ہے جس سے ہمارے صارفین بینکنگ کے جدید تجربات سے روشناس ہوتے رہیں۔