غربت میں کمی کیلئے رورل سپورٹ پروگرام شروع کیا، مراد علی شاہ

November 24, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نےغربت میں کمی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے رورل سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے ،یہ بات انہوں نے پیر کو رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے چیئرمین شعیب سلطان خان کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں سی ای او RSPN ڈتل کلہوڑو بھی شامل تھے۔ اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، صوبائی سیکریٹری سندھ رورل سپورٹ پروگرام شیریں ناریجو نے بھی شرکت کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے غربت میں کمی کے مقررہ مقاصد کے ساتھ سماجی متحرک سازی، کارکردگی کے ذریعے غریب اور پسماندہ کمیونٹیز کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، اثاثہ تخلیق اور حصول آمدنی پر مشتمل یونین کونسل بیسڈ پاورٹی ریڈکشن پروگرام (یو سی بی پی آر پی) کا آغاز کیا ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے اور غریب اور پسماندہ علائقوں کے گھرانوں کی روزمرہ کی اجرت پر مرکوز ہے جس کی شناخت ایک سائنسی سروے کے ذریعے کی گئی ہے اور پروگرام کو رورل سپورٹ پروگرام (RSPs) کے ذریعے عمل میں لایا جا ئے گا۔