موجودہ مالی سال میں 53 منصوبے مکمل کئے، صوبائی وزیر

November 24, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز سید ضیاءعباس شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران اب تک کل 53 جاری منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ 211 جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سید ضیاءعباس شاہ نے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بناتے ہوئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ان اسکیموں کا دورہ بھی کریں گے۔ قبل ازیں سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز عمران عطا سومرو نے صوبائی وزیر سید ضیاءعباس شاہ کو 299 جاری اسکیموں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی جس میں 100 فیصد LTBC کی 92 اسکیموں، 50فیصدLTBC کی 84 اسکیمیں، 33فیصد LTBC کی 35 اسکیمیں اور 25فیصد ریلیز کی 88 اسکیمیوں کی تفصیلات کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر 2021 کے مہینے میں محکمہ کی طرف سے 25 اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب تک 53 منصوبے مکمل ہوئے ہیں اور 211 جاری اسکیموں کو بھی جلد مکمل کیا جائےگا۔ سیکرٹری ورکس نے ورکس اینڈ سروسز ڈپارٹمنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئی سید ضیاءعباس شاہ کو 401 نئی اسکیموں کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔