کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی (کے ایم یو) نے ڈاکٹر رفعت فرخ کو کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی) کی پرنسپل مقرر کر دیا، یہ تقرری سرچ کمیٹی کی سفارشات پر وائس چانسلر کی منظوری سے عمل میں آئی ہے۔
ڈاکٹر رفعت فرخ کالج کے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے کے بعد پہلی پرنسپل ہیں، یہ تقرری ادارے کی تعلیمی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کی اس پالیسی کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت تجربہ کار، مستند اور باصلاحیت ماہرین کو تعلیمی قیادت کی ذمے داریاں سونپی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر رفعت فرخ ایک سینئر ماہرِ تعلیم اور ماہرِ امراضِ اطفال ہیں، وہ اس وقت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں پروفیسر آف پیڈیاٹرکس اور عباسی شہید اسپتال میں پیڈیاٹرکس وارڈ ٹو کی انچارج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
انہیں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تعلیم میں 25 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور انہوں نے تدریس، تربیت اور کلینیکل سپرویژن کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
ڈاکٹر رفعت فرخ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کی تاحیات رکن ہیں اور چائلڈ ہیلتھ اینڈ گروتھ ویلفیئر آرگنائزیشن کی بانی رکن اور جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔
وہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی ) میں سپروائزر اور ایگزامینر کے فرائض بھی انجام دے رہی ہیں اور بطور پیڈیاٹرک کنسلٹنٹ میڈی کیئر کارڈیک اینڈ جنرل اسپتال میں کلینیکل پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔