بلوچستان میں حلقہ بندی کا آغاز6 دسمبر سے شروع ہوگا‘ممبر الیکشن کمیشن

November 25, 2021

شکوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی سے ڈی جی نادرا بلوچستان عالم خان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان احمد رضا کی دفتر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان میں ملاقات ، جس میں بلوچستان میں انتخابی عمل میں خواتین ، معذوروں ، خواجہ سرا اور اقلیتوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے شناختی کارڈ بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے حکومت بلوچستان کے ساتھ متعدد اجلاس کئے ، مراسلات لکھے اور کیسوں کی سماعت کی مگر بلوچستان حکومت الیکشن کمیشن کو ضروری قانون سازی سمیت دیگر دستاویزات مہیا نہ کرسکی ، بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت بلوچستان میں حلقہ بندی کا آغاز 6 دسمبر2021 سے شروع کیا جائے گا جس کی تکمیل 28 فروری2022 کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا ووٹر لسٹوں میں اندراج اس وقت تک ممکن نہیں جب تک انکے پاس شناختی کارڈ نہ ہو ، اس مقصد کے لئے الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں تمام شماریاتی بلاک کوڈز کا تعین کرلیا ہے جہاں مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق دس فیصد سے زیادہ ہے ۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات احمد رضا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مدد فراہم کرنا قانونی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائیگا ، ڈی جی نادرا عالم خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ان شماریاتی بلاکوں میں نادرا ایم آر وی وین بھج رہے ہیں جہاں مرد اور خواتین ووٹرز میں فرق زیادہ ہے ہماری کوشش ہے کہ خواتین کے زیادہ سے زیادہ شناختی کارڈ بنائے جائیں تاکہ خواتین کے نام انتخابی فہرست میں شامل کئے جاسکیں ۔