یونیورسٹی سے نہتے بلوچ طلباء کا اغواء استعماری اقدامات کا تسلسل ہے،این ڈی ایم

November 25, 2021

کوئٹہ(آن لائن)نیشنل ڈیموکریٹ موومنٹ کے نمائندہ وفد نے ہارون خان بازئی کی قیادت میں یونیورسٹی میں طلبا ایکشن کمیٹی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کی اور اغوا شدہ طلبا کی بازیابی کیلئے جمہوری سیاسی احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی استعماری و آمرانہ قوتوں اور اداروں نے پشتون بلوچ اقوام و عوام کیخلاف استعماری اقدامات اور سفاکانہ کارروائیوں کا سلسلہ اور خوف و دہشت مسلط کی ہے ۔اور یونیورسٹی سے نہتے بلوچ طلبا کا اغواءبھی ان استعماری اقدامات کا تسلسل ہے ۔انہوں نے کہا کہ استعماری قوتوں نے پشتون بلوچ اقوام کی سرزمین اور وسائل پر قبضہ اور لوٹ کھسوٹ جاری رکھی ہے اور اس استعماری قبضے کیخلاف اور اپنے حقوق و اختیارات کیلئے جمہوری آواز کو ریاستی طاقت کے ذریعے خاموش کرنے کیلئے سیاسی کارکنوں اور طلبا کو اغوا کرنے اور دہشت گردی، بدامنی، خوف و دہشت کی صورتحال مسلط کی ہے۔انہوں نے اغوا شدہ طلبا کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔