ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی کو معطل کردیا گیا

November 26, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی کو معطل کردیا گیا ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی سے فارغ کرکے گورنمنٹ آف سندھ رپورٹ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کے ایم سی سینئر آفیسر منصور قاضی کو فوری طور پر سینئر ڈائریکٹر چڑیا گھر و سفاری پارک مقرر کردیا گیا ہے کے ایم سی کے مطابق جمعرات کے روز میٹروپولیٹن کمشنر ایس ایم افضل زیدی نے ان کے تبادلے کے احکامات جاری کئے، قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر میں گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ غیر معمولی تھا اور مجھے اس پر افسوس ہے کیونکہ میں ادارے کا سربراہ ہوں لیکن غلط کرنے پر جن افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے وہ عدالت سے اسٹے آرڈر لے آتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہر غلط آدمی کہتا ہے کہ میں نے کوئی غلطی نہیں کی اور پھر نئی سازشیں شروع ہوجاتی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ چڑیا گھر سے متعلق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے کراچی چڑیا گھر کو خوراک فراہم کرنے والے ٹھیکیدار کو ورغلایا ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں عدالتوں کو ہمارا موقف سنے بغیر اسٹے نہیں دینا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ آج پھر میں نے اس نااہل افسر کو معطل کیا ہے اور انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں، نایاب نسل کے شیر کا مر جانا کراچی شہر اور شہریوں کا نقصان ہے، بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایک صاحب نے ٹوئٹ کیا ہے ان سے پورٹ اینڈ شپنگ چل نہیں رہی ہے پاکستان چل نہیں رہا، چڑیا گھر کیا چلائیں گے، انہوں نے پورے پاکستان کو چڑیا گھر بنا دیا ہے۔