برطانوی شخص تھری ڈی پرنٹر سے تیار آنکھ لگوانے والا دنیا کا پہلا انسان

November 26, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں تجربے کے نتیجے میں ایک شخص کو تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے تیار کی گئی آنکھ لگا دی گئی۔ اس طرح یہ شخص تھری ڈی پرنٹر سے تیار کردہ آنکھ لگوانے والا دنیا کا پہلا شخص بن چکا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، لندن کے علاقے ہیکنی سے تعلق رکھنے والے 40؍ سالہ انجینئر اسٹیو ورزے کی آنکھ 20؍ سال کی عمر میں ضایع ہوگئی تھی اور اس وقت سے وہ ایسی مصنوعی آنکھ استعمال کر رہا تھا جسے ہر پانچ سال بعد تبدیل کرنا پڑتا تھا۔

اسٹیو ورزے کا کہنا ہے کہ پلاسٹک سے بنی نئی آنکھ کی وجہ سے اُن میں خود اعتمادی آئی ہے اور وہ بار بار خود کو آئینے میں دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ تھری پرنٹر سے بنی آنکھ میں بینائی نہیں آئے گی لیکن امید ہے اس سے ان کا اعتماد بحال رہے گا۔

این ایچ ایس کے اسپتالوں میں ڈاکٹر کلینکل ٹرائل کے تحت مریضوں کو تھری ڈی پرنٹر سے بنی آنکھ لگانے کا تجربہ کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں کچھ عرصے بعد مصنوعی آنکھ کی تبدیلی کے اخراجات کم یا ختم ہو جائیں گے۔