• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فٹبال فیڈریشن، کے پی کے 2 اراکین کے انتخاب کا مسئلہ پھر کھٹائی میں پڑ گیا

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر  سید محسن گیلانی(فائل فوٹو)۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر  سید محسن گیلانی(فائل فوٹو)۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے خیبر پختونخواہ کے 2 اراکین کے انتخاب کا مسئلہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گیا اور اجلاس کو غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردیا گیا۔ 

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے گزشتہ مئی میں ہونے والے انتخابات کے دوران کے پی کے سے دونوں ارکان کے درمیان مقابلہ ٹائی ہوا، جسے کانگریس کی اگلی میٹنگ میں حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ 

اتوار کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والے اجلاس میں کانگریس کے 12 ارکان نے شرکت کی جبکہ ڈپارٹمنٹس، کے پی  اور بلوچستان کے کانگریس ممبران غیرحاضر رہے، فیفا اور اے ایف سی کے آبزور نے زوم پر شرکت کی۔

گزشتہ ممبران کی جگہ نئے ممبران کے مسئلے پر پی ایف ایف ڈسپلینری اینڈ ایتھکس کمیٹی کے ایک رکن نے واضح پیغام دیا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں جو کانگریس ممبران غیر حاضر رہے، ان کا اصل مقصد ووٹر لسٹ میں تبدیلی کروانا تھا۔ 

تاہم یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ خیبر پختونخوا کے انتخابات اسی پرانی ووٹر لسٹ پر ہی منعقد ہوں گے۔

اُن عوامل اور پسِ پردہ عناصر کی جانب بھی اشارہ کیا گیا جو اس غیر حاضری کے ذمے دار ہیں۔

سندھ کے کانگریس ممبران کے غیر قانونی حراست میں کے پیچھے عوامل ہیں ان پر تاحیات پابندی لگانے کا عندیہ بھی دیا۔

اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے سندھ سے تعلق رکھنے والے کانگریس ممبران کی غیر قانونی حراست کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور واضح الفاظ میں کہا کہ فٹبال کمیونٹی ایسے اقدامات کو نہایت تنقیدی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 

مزید برآں انہوں نے کانگریس ممبران کی میٹنگ میں غیر موجودگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس معاملے کی باضابطہ انکوائری کا عندیہ دیا۔ 

صدر پی ایف ایف نے یہ بھی بتایا کہ فیفا کے نمائندگان اس میٹنگ میں موجود ہیں اور تمام صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہیں ہیں۔

سندھ سے تعلق رکھنے والے کانگریس ممبران کو یہ اطمینان بھی دلایا گیا ہے کہ ان عناصر کے خلاف باقاعدہ تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو آپ کی غیر قانونی حراست میں لیے جانے کے عمل میں شامل تھے۔

کانگریس ممبر محمد صدیق نے اجلاس سے درخواست کی کہ جاوید میمن، کانگریس ممبر پاکستان فٹبال فیڈریشن، کو تمام کھیلوں کی سرگرمیوں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی سے معطل کیا جا چکا ہے۔

کے پی ایگزیکٹو کمیٹی کی دو (02) نشستوں کے انتخاب کے لیے منعقد ہونے والے پی ایف ایف کانگریس کے ووٹر لسٹ سے ان کا نام خارج کیا جائے۔

یہ درخواست شفافیت، قانونی تقاضوں اور پی ایف ایف آئین و انتخابی قوانین کی مکمل پاسداری کے تحت پیش کی جا رہی ہے۔ 

کانگریس ممبر کفایت اللہ نے کانگریس میٹنگ میں سیاسی مداخلت، انہیں اور ان کے ساتھیوں کو غیر قانونی حراست میں لینے اور مسلسل ہراساں کیے جانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس تمام عمل میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید