اداروں کی مداخلت سے جمہوریت کبھی مستحکم نہیں ہوگی،جمعیت نظریاتی

November 26, 2021

کوئٹہ(پ ر) جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ اورڈپٹی مالیات مفتی فداء الرحمن ٰنے کہاہے کہ قوم نےعدلیہ کو قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کا محافظ سمجھا ہے۔ انصاف کی امید وابستہ کر رکھی ہے، اداروں کی مداخلت سے جمہوریت مستحکم ہوگی اور نہ ملکی اداروں کا کوئی وقار رہے گا ۔بار بار کے تلخ تجربات کے باوجود آج تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا ایسے معاملات پر سنجیدگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی رائے کو اہمیت اور اعتماد بحال نہ ہونے تک جمہوریت کا مضبوط ہونا ممکن نہیں ،پارلیمنٹ کی بالادستی اور اس کی خود مختاری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے المیہ یہ ہے کہ کہ ملک میں سیاست و جمہوریت یرغمال ہو چکی ہے ، ملک سیاسی بحران کی کیفیت سے دوچار ہے، سیاست اور جمہوریت کی آزادی کسی ایک جماعت یافرد کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی مفاد اور جمہوریت کی بقا کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی پاسداری کرنے کے دعویداروں نے سیاسی مزاحمت سے آئین کو پاؤں تلے روندا ہے، آئین کی پامالی سیاست اورجمہوریت کےلیےنقصان دہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد کرنے سے ملک انتشار اور بے یقینی سے بچ سکتا ہے ۔