جنوبی افریقہ: نیا کورونا ویرینٹ، مختلف ملکوں کی سفری پابندیاں عائد

November 26, 2021


جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کا تیزی سے منتقل ہونے والا نیا ویرینٹ رپورٹ ہونے کے بعد کئی ممالک نے جنوبی افریقہ سمیت مختلف افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔

سنگا پور نے جنوبی افریقہ سمیت7 افریقی ممالک کے لیے سفری پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے، سنگاپور کی جانب سے ان سفری پابندیوں کا اطلاق اتوار سے ہو گا۔

سنگا پور نے جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، ایسواٹینی، لیسوتھو، موزمبیق، نمیبیا اور زمبابوے کے لیے سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔

یورپی یونین کی جانب سے جنوبی افریقی ریجن کے لیے فضائی سفر پر پابندیوں کے لیے غور کیا جا رہا ہے۔

یورپی ملک جرمنی جنوبی افریقہ کے لیے سفری پابندیوں کا اعلان آج کرے گا، جس کے تحت جنوبی افریقہ سے صرف جرمن شہریوں کو جرمنی آنے کی اجازت ہو گی۔

جنوبی افریقہ سے جرمنی آنے والے جرمن شہریوں کو 14 روزہ قرنطینہ کرنا ہو گا۔

اٹلی میں جنوبی افریقہ سمیت 6 افریقی ممالک میں 14 روز سے مقیم افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اس پابندی کے بعد جنوبی افریقہ، زمبابوے اور دیگر افریقی ممالک کا دورہ کرنے والے افراد اٹلی نہیں آ سکیں گے۔

برطانیہ نے جنوبی افریقہ سمیت 5 افریقی ممالک کے لیے پروازیں معطل کر دیں۔

برطانوی وزیرِصحت کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں پایا جانے والا نیا ویرینٹ ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور دیگر 5 ممالک سے آنے والوں کو اتوار سے ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہو گا۔

ادھر جاپان کی جانب سے بھی جنوبی افریقہ سمیت6 افریقی ممالک کے لیے آج سے سفری پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل میں جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہونے والے نئے کورونا ویرینٹ کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔