ترکی اور امارات کے درمیان اقتصادی معاہدوں پر دستخط

November 27, 2021

انقرہ (نیوزڈیسک )ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برف پگھلنے لگی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں کمی آئی ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے اقتصادی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں میں دونوں ممالک کی اسٹاک ایکسچینج کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ اور توانائی اور صحت کے شعبے میں تعاون کے ایگریمنٹس شامل ہیں۔جرمن اماراتی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اولیور اویہمز کے مطابق متحدہ عرب امارات اپنی سرکاری کمپنیوں کے ذریعے دنیا کے کئی ممالک میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ترکی، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب خانہ جنگی کے شکار شمالی افریقی ملک لیبیا اور مشرق وسطیٰ میں بھی مخالف گروپوں کی حمایت کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران میں مختلف علاقائی امور پرسخت اختلاف رائے رہا ہے اور وہ علاقائی تنازعات میں دومختلف متحارب فریقوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ ترک ایوان صدر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنما ؤں کی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ادھر امارات کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور ترکی تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ اس فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کے حکام نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ اس سے قبل 30 اگست 2021 کو ایک فون کال کے دوران ابوظبی کے ولی عہد اور صدر اردوان نے تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاتھا۔