نسلہ متاثرین کو حقوق دلانے کیلئے آخری حد تک جائینگے، نعیم الرحمٰن

November 27, 2021

کراچی (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نسلہ متاثرین کو حقوق دلانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، توہین عدالت کا ڈر نہیں، متاثرین کو معاوضے کیلئے سندھ حکومت کو پابند کیا جائے، کل ہم نسلہ ٹاور گئے تھے اور آج یہاں آنے کا کہا تھا، نسلہ ٹاور کے لوگوں کا مقدمہ یہاں لڑا، جماعت اسلامی نے اس کیس میں فریق بننے کا کہا ہے، مجموعی طور پر جو یہاں چل رہا ہے وہ زیادتی ہے۔ کراچی کے بڑے مسائل کی طرف سپریم کورٹ نہیں جارہی، کے الیکٹرک کا مافیا شہر میں بیٹھا ہوا ہے۔ جعلی ڈومیسائل بنا بنا کر یہاں کے لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ مارا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ برباد ہوچکا ہے۔ وائس چانسلر کے معاملے پر بھی کچھ نہیں ہو رہا ہے۔ کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، نہ ایم کیو ایم نے کچھ کیا نہ ہی پیپلز پارٹی نے۔ سپریم کورٹ کے فور پر کوئی کام نہیں کررہی۔