دنیا میں اب ہتھیاروں کی بجائے بیانیہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے، فواد چوہدری

November 27, 2021

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا میں ہتھیاروں کی بجائے بیانیہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے جس کا بیانیہ جتنا مضبوط ہوگا اس کی اتنی اہمیت ہوگی، بیانیہ کے ذریعے ہم اپنا موقف بہتر طریقے سے پیش کر سکتے ہیں، 2018ء میں جب ہم اقتدار میں آئے تو ریاستی میڈیا کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے کام کا آغاز کیا، سرکاری خبر ایجنسی کو عالمی خبر رساں اداروں کی طرز پر ڈیجیٹل نیوز ایجنسی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے تحت بھرتی ہونیوالے کنٹریکٹ ملازمین کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر مبشر حسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدیلہ رباب کاظمی، انفارمیشن سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل سعید جاوید اور اے سینئر افسران بھی موجود تھے،وزیر اطلاعات نے کہاہتھیاروں کے ذریعے جنگ جیتنے کے بجائے بیانیہ حاوی ہو گیا ، بیانیہ کی جنگ میں امریکا کو شکست ہوئی اور بالآخر اسے افغانستان سے نکلنا پڑا، دنیا کی بڑی لڑائیاں اب بیانیہ سے لڑی جاتی ہیں،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں ہم ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں جس سے شفافیت نظر آئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ 50ءاور 60ءکی دہائی اور آج کے ڈیجیٹل دور کی صحافت میں بہت فرق ہے،انہوں نے موجودہ حکومت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوششیں کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر اور انکی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔