برطانیہ کے مختلف حصوں میں شدید برف باری کی پیشگوئی کے بعد محکمۂ موسمیات نے وارننگ جاری کر دی ہے۔
ادھر شمالی انگلینڈ کے بعض علاقوں میں سردی کے باعث صحت سے متعلق ایمبر الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
میٹ آفس کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے بعض حصوں کے لیے برف اور برفانی پھسلن کے حوالے سے یلو وارننگ یکم جنوری کی صبح 6 بجے سے 2 جنوری کی رات 12 بجے تک نافذ رہے گی، اس دوران شدید برف باری کے باعث سفری نظام متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے شمال مشرقی اور شمال مغربی انگلینڈ کے لیے ایمبر کولڈ ہیلتھ الرٹ جاری کیا ہے، جو 5 جنوری دوپہر 12 بجے تک نافذ رہے گا، ان علاقوں میں درجۂ حرارت 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح تک بعض علاقوں میں 2 سے 5 سینٹی میٹر برف پڑنے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامی علاقوں میں یہ مقدار 10 سینٹی میٹر تک ہو سکتی ہے۔
200 میٹر سے زائد بلندی والے علاقوں میں 10 سے 20 سینٹی میٹر اور پہاڑی راستوں پر 30 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ برف جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق ایمبر الرٹ کا مطلب یہ ہے کہ موسم صحت اور سماجی نگہداشت کی خدمات پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے، خاص طور پر 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور پہلے سے بیماریوں میں مبتلا افراد میں اموات کی شرح میں اضافے کا خطرہ ہے۔
نئے سال کے دن ملک کے دیگر حصوں میں درجۂ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جبکہ کئی علاقوں میں یلو کولڈ ہیلتھ الرٹ بھی نافذ ہے، جو ممکنہ صحت کے اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
میٹ آفس نے کہا ہے کہ 2025ء کے آخری دن موسم زیادہ خوشگوار نہیں ہوں گے، تاہم 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، یکم جنوری کے بعد برطانیہ کے شمالی علاقوں میں سرد ہوائیں اور برفانی جھکڑ تیز ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے ماہر ڈین اسٹراؤڈ کے مطابق ’ہم نسبتاً پرسکون مگر سرد موسم سے نکل کر ایسے حالات کی طرف جا رہے ہیں جہاں برفانی بارشوں اور سردی سے متعلق خطرات میں اضافہ ہوگا، خاص طور پر ملک کے شمالی حصوں میں‘۔
یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے خبردار کیا کہ سرد موسم کے اثرات نوجوان افراد پر بھی پڑ سکتے ہیں اور صحت کی سروسز پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
ایجنسی نے اسپتالوں اور کیئر ہومز میں درجۂ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہونے، سفری مشکلات کے باعث عملے کی کمی اور ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں پر ممکنہ اثرات کی بھی نشاندہی کی ہے۔
ایسٹ مڈلینڈز، ویسٹ مڈلینڈز، جنوب مشرقی، جنوب مغربی، مشرقی انگلینڈ، یارکشائر، ہمبر اور لندن کے لیے بھی یلو کولڈ ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی میں انتہا درجے کے موسمی حالات اور صحت کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر اگوسٹینو سوسا نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سرد موسم میں اپنے بزرگ، بیمار اور کمزور عزیزوں اور پڑوسیوں کا خاص خیال رکھیں کیونکہ کم درجۂ حرارت دل کے دورے، فالج اور سینے کے انفیکشن کے خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔