ملک میں صحت کے مسائل کی بڑھتی شرح تشویشناک ہے،ڈاکٹر عمر

November 27, 2021

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سلور جوبلی کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔طلباء کو معاشرے میں پائی جانے والی بیماریوں اور ان سے نمٹنے کے مختلف طریقوں سے آگاہ کرنے کے لیے ایک سیمینار سے ہواجس میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عمر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کے ہمراہ بطورمہمان خصوصی شرکت کی ۔ خطاب کے دوران ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے مسائل کی بڑھتی ہوئی شرح تشویشناک ہے جو ملک کو نئی قسم کی بیماریوں کی طرف لے جا رہی ہے جن کا مہنگا علاج اس کو مزید پریشان کُن بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت کے ساتھ ساتھ عوام کی اکثریت کی ناخواندگی، لاعلمی اور غربت بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ ان مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قمر زمان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے ملک میں صحتِ عامہ سے متعلق مسائل روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں لیکن ان میں سے بہت سے مسائل ایسے بھی ہیں جن کا تدارک صرف طرز زندگی کو بدلنے سے ممکن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ پاکستان کے معمار اور مستقبل ہیں لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ لوگوں کو ان تمام موذی بیماریوں کے بارے میں آگاہ کریں جن کا تدارک وہ بغیر خطیر رقم خرچ کیے ممکن بنا سکتے ہیں۔ بعد ازاں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کے ہمراہ یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی طلباء کی جانب سے اپنا تحقیقی کام پیش کرنے کے لیے لگائی گئی پوسٹر نمائش کا افتتاح کیا۔