حکومت کے خاتمے تک ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا، آفتاب شیر پاؤ

November 27, 2021

کو ئٹہ(آئی این پی) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارا پانے کیلئے تمام سیا سی جماعتوں اور عوام کو ملکر میدان میں آنا ہوگا ،اس وقت ملک بحرانوں کا شکا ر ہے اسٹیٹ بینک تک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے پی ڈی ایم حکمرانوں کو جلد گھر بھیج دے گی ، پشتونوں کے باقی ماندہ ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری جلیل خا ن بازئی کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین سردار سمیع خان لونی اور پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک منصوبے کے تحت موجودہ حکومت کو گھربھیجنے کیلئے احتجاجی لائحہ عمل طے کر رہی ہے ملک بھر میں مظاہرے کرنے کے بعد اسلام آباد کا رخ کرینگے جب تک مو جو دہ حکمرانوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا مہنگائی، بد امنی اور بے روزگاری کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے حکمران قرضے لیکر ملک کو مزیدمعاشی بدحا لی کی جا نب لیجا رہے ہیں۔