سال میں 42 ٹیسٹ وکٹیں، شاہین آفریدی دنیا میں سب سے آگے

November 29, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں چھ اوورز کے اسپیل میں تین وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو ایک بار پھر مقابلے کی پوزیشن میں لاکھڑا کیا ۔ اس سال 8 ٹیسٹ میں شاہین شاہ نے دنیا میں سب سے زیادہ42 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حسن علی نے38کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔ اس متعلق شاہین آفریدی کہتے ہیں کہ رواں سال ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر خوشی ہے، ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ پارٹنرشپ میں بولنگ کروں ، ٹیسٹ کرکٹ میں حسن علی کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ لگی ہوئی ہے، ہم رنز روکنے اور وکٹیں حاصل کرنے کی پارٹنرشپ لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔ وکٹ سلو ہے، میچ کے چوتھے روز اسپنرز کو فائدہ ہوگا، پرامید ہیں کہ میزبان ٹیم کو جلد از جلد آؤٹ کریں گے اور میچ جیتیں گے۔ خیال رہے کہ جمیکا میں پاکستان کی آخری ٹیسٹ فتح کے مین آف دی میچ بھی شاہین شاہ آفریدی تھے۔