’’اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان ‘‘کو ملک گیر سطح پر منظّم کیا جائے گا

November 29, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقہائے مدارس نے فیصلہ کیا ہے کہ ’’اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان ‘‘کو ملک گیر سطح پر منظّم کیا جائے گا، دسمبر کے پہلے ہفتے میں صوبائی تنظیمیں مکمل کی جائیں گی اور اس کے بعد ڈویژنل سطح پر تنظیماتِ مدارس کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ دینی مدارس وجامعات کی حُرِّیتِ فکر وعمل، خود مختاری اور خود داری کا برقرار رہنا ملک میں دینی اَقدار کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اسے ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا، خواہ حالات کتنے ہی ناسازگار ہوں۔ یہ فیصلہ اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کے جامعہ دارالعلوم کراچی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس تنظیم کے صدر مولانامفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں ہوا، جس میں مولانا مفتی منیب الرحمٰن، مولانا محمد حنیف جالندھری ،مولانا یٰسین ظف، مولانا عبدالمالک ،حافظ سیدریاض حسین نجفی ، مولانا عبید اللہ خالد ،صاحبزادہ عبدالمصطفٰی ہزاروی ، مولانا محمد سلفی، ڈاکٹر مولانا عطاء الرحمٰن ،سید مرید حسین نقوی ، علامہ صاحبزادہ محمد ریحان امجد نعمانی، مولانا ضیاء الرحمٰن ، مولانا عبدالوحید ،مولانا محمد افضل حیدری ، مولانا شبیر حسن میثمی اور مولانا فیاض حسین نقوی صاحب مرکزی رکن کابینہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے شرکت کی۔