پشاور، گیس لوڈشیڈنگ نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا

November 29, 2021

پشاور(وقائع نگار) صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ۔ پشاور بھر میں گیس نہ ہونے کے باعث اہل پشاور مہنگے داموں ایل پی جی گیس اور لکڑیاں لانے پر مجبور ہیں اندرون شہر علاقوں ،حیات آباد فیز تھری ‘ تاج آباد اور دیگر مختلف علاقوںمیں گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ علاقہ مکین مہنگے داموں ایل پی جی گیس اور لکڑیاں لانے پر مجبور ہیں۔ اہل پشاور کے مطابق وہ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود پشاور میں گیس نہ ہونے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کئی بار منتخب نمائندوں ‘ متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت کو آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔