جنوبی افریقی صدر کا سفری پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ

November 29, 2021

جنوبی افریقا کے صدر سیرل رامافوسا نے اومی کرون ویرئینٹ کے سامنے آنے پر ملک پر عائد سفری پابندیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پابندیوں کو غیرمنصفانہ قرار دے دیا ہے۔

جنوبی افریقا کے صدر کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک پر سفری پابندیاں بلاجواز ہیں، جن کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے، اس سے معاشی صورتحال مزید خراب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس منتقلی کو محدود کرنے کا سب سے طاقتور طریقہ ویکسی نیشن ہے، جنوبی افریقا میں تقریباً 35 فیصد بالغ افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے جنوبی افریقی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس نے غیرویکسین شدہ افراد کو نشانہ بنایا، وائرس کی واحد علامت ایک، دو روز تک پٹھوں میں درد اور تھکاوٹ کا احساس ہے، مریض اسپتال میں داخل ہوئے بغیر صحتیاب ہورہے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، قطر، کویت، انڈونیشا اور نیدرلینڈز سمیت درجنوں ممالک جنوبی افریقا کے لیے سفری پابندیاں لگا چکے ہیں۔