عالمی وبا، اسکاٹ لینڈ میں کورونا کی نئی شکل اومی کرون کے 6 مریض سامنے آگئے

November 30, 2021

لندن (پی اے) اسکاٹ لینڈ میں کورونا کی نئی شکل اومی کرون کے 6 مریض سامنے آگئے، اومی کرون سے متاثر ہونے والے ان لوگوں نے کبھی غیرملکی سفر نہیں کیا اور اومی کرون کا وائرس انھیں کمیونٹی میں لگا۔اسکاٹ حکومت کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے 4 مریض لانارک شائر اور 2 کا تعلق گریٹر گلاسگو اور کلائیڈ کے علاقے سے ہے۔ کنٹریکٹ ٹریسنگ کا عملہ یہ پتہ چلانے کی کوشش کر رہا ہے وائرس کہاں سے لگا۔ اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ افراد کی حالیہ ہفتوں کے درمیان ملاقاتوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اومی کرون سے متاثرہ افراد کے رابطے میں آنے والے لوگوں کو 10 دن کیلئے آئسولیٹ ہونے کی ہدایت کی جائے گی۔ وزیر صحت حمزہ یوسف نے کہا ہے کہ اومی کرون کے 6 مریضوں کا سامنے آنا پریشان کن بات ہے۔ اومی کرون کا سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں پتہ چلا تھا لیکن بعد میں آسٹریلیا، جرمنی، ہانگ کانگ اور اسرائیل میں بھی اس مرض کے متاثرین کا پتہ چلا، اس صورت حال کے پیش نظر جنوبی افریقہ کے 10 ممالک کے سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ توقع ہے کہ منگل کی شام 4 بجے سے غیرممالک سے برطانیہ آنے والے تمام مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔ ڈپٹی فرسٹ منسٹر جون سوینی Swinney نے بی بی سی کوبتایا کہ بعض مریضوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے کوئی سفر نہیں کیا تھا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کمیونٹی میں بھی اس نئے وائرس کے پھیلنے کے امکانات موجود ہیں، اس سے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے نئے چیلنج ہمارے سامنے ہیں۔ Swinney نے بتایا کہ اسکاٹ حکومت اب جسمانی فاصلہ بڑھانے کیلئے اقدامات کرسکتی ہے، تاہم ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس کی وجہ سے کرسمس کے پروگراموں پر نظر ثانی کرنا پڑے گی یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو ویکسین لگا دی ہے، اس لئے ہم زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ برطانوی حکومت نے انگلینڈ میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے اور کورونا کی احتیاطی پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کرنے اورگھروں پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اومی کرون کا وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔اومی کرون کے پہلے مریضوں کا پتہ اسیکس اور ناٹنگھم میں چلا تھا اور تیسرامریض اتوار کو ایک وزیٹر کا سامنے آیا، جس نے کچھ وقت ویسٹ منسٹر کے علاقے میں گزارا تھا۔ وزارت صحت کے مطابقG7 گروپ کے وزرائے صحت کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس میں اومی کرون کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ JCVI کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر انتھونی ہارنڈن نے کہا ہے کہ ابھی ہمیں یہ اندازہ لگانا ہے کہ اومی کرون برطانیہ میں پھیل سکتا ہے یا نہیں اور اس سے کتنا بڑا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے، تاہم یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے لیکن میرے خیال میں ابھی کسی طرح کے خوف وہراس کی صورت حال نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ویکسین لگوا لینی چاہئے۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن اور اسکاٹ لینڈ کے چیف میڈیکل افسر نے لوگوں سے کہا ہے کہ موسم سرما کے دوران اومی کرون وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے بچائو کیلئے متحد ہوجائیں۔ انھوں نے کہا کہ کرسمس پر صورت حال معمول پر رہنے کا قوی امکان ہے۔