امریکا سے بیدخلی، روس کے 27 سفارت کار اہل خانہ سمیت آج واطن واپس جائیں گے

November 30, 2021

نیویارک /اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امریکہ میں مختلف سفارتی ذمہ داریوں پر تعینات 27 روسی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو امریکہ سے نکال دیا گیا ہے اوروہ آج( 30 جنوری ) امریکہ سے روانہ ہوجائیں گے۔ماسکو میں امریکی سفارت خانے نے غیر سفارتی ویزوں کی کارروائی روک دی ،روس میں امریکی مشن کا عملہ 2017 کے اوائل میں 1200تھا جو یکے بعد دیگرے بے دخلیوں اور پابندیوں کی وجہ سے کم ہو کر 120رہ گیا۔روسی سفیر اناتولی انتونوف نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہمارے سفارت کاروں کو نکالا جا رہا ہے۔ میرے ساتھیوں کا ایک بڑا گروپ (27افراد) اپنے اہل خانہ کے ساتھ 30 جنوری کو ہمیں چھوڑ دے گا۔ ہمیں عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے روس نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ اس کے 100 سے زائد سفارت کاروں کو خاندانوں سمیت 2016 میں اس وقت امریکہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوئے تھے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق 29 اکتوبر تک تقریباً 200 روسی سفارت کار امریکہ میں اپنی ملازمتوں پر تھے، جن میں اقوام متحدہ میں روسی مشن کا عملہ بھی شامل تھا۔ امریکی حکومت نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ روس میں امریکی مشن کا عملہ 2017 کے اوائل میں 1200 تھا جو یکے بعد دیگرے بے دخلیوں اور پابندیوں کی وجہ سے کم ہو کر 120 رہ گیا اور سفارت خانے میں نگران کی موجودگی کے علاوہ کسی بھی چیز کو جاری رکھنا مشکل تھا۔ دوسری جانب ماسکو میں امریکی سفارت خانے نے اس سال غیر سفارتی ویزوں کی کارروائی روک دی اور روسیوں کو ’بے گھر شہریوں‘ کی فہرست میں شامل کیا جو دیگر ممالک میں ویزے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔