کراچی: چڑیا گھر کی دونوں ہتھنیوں کے دانت غائب، انتظامیہ لاعلم

November 30, 2021

کراچی چڑیا گھر کی دونوں ہتھنیوں کے دانت غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس معاملے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

چار ہاتھی تقریباً 10 سال پہلے ایک ساتھ لائے گئے تھے، جن میں سے دو چڑیا گھر اور دو سفاری پارک میں رکھے گئے۔

چڑیا گھر کی مدھو بالا اور نور جہاں نامی دونوں ہتھنیوں کے دانت غائب کردیے گئے ہیں، اس معاملے سے انتظامیہ بے خبر نکلی۔دوسری طرف سفاری پارک میں موجود 2 ہاتھیوں کے دانت سلامت ہیں۔

جیو نیوز نے چڑیا گھر کے گھر کے ڈائریکٹر سے اس حوالے سے استفسار کیا تو چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس معاملے پر موقف اختیار کیا کہ ہتھنیوں کے دانت گنا اور درختوں کی شاخیں کھانے سے جھڑ گئے ہیں۔

مزید استفسار کیا گیا کہ کیا جھڑجانے والے دانت میوزیم میں رکھے گئے ہیں؟ اس پر ڈائریکٹر زو نے کہا کہ معاملہ مجھ سے پہلے کا ہے، میں جواب نہیں دے سکتا۔

چڑیا گھر میں موجود ہتھنی مدھو بالا دانت میں گہرے انفیکشن کے سبب شدید تکلیف میں ہے، رپورٹ میں ڈاکٹر نے ہتھنی مدھو بالا کی فوری سرجری تجویز کررکھی ہے۔

ڈاکٹر میرینا نے کہا کہ دونوں ہتھنیوں کو 10 سال میں کبھی ویکسین نہیں لگائی گئی، ان کا ڈائٹ پلان نا ہونے سے ہتھنیاں مدھوبالا اور نورجہاں موٹاپے کا شکار ہیں اور ان میں خون کی بھی کمی ہے۔