ایرانی صدر کا فرانسیسی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، یورپ عہد نبھائے، ابراہیم رئیسی

November 30, 2021

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا فرانسیسی صدر میکروں سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تہران 2015 کے جوہری معاہدہ کی بحالی مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی ترجیح امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ معاہدے پر اعتماد سازی کے لیے امریکا پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جس نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی وہی دوسرے فریقین کا بھروسہ حاصل کرے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ فریقین کی اعتماد سازی کی صورت میں ہی مذاکرات کے بار آور نتائج مل سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امریکا پابندیاں ختم کرے، یورپی ممالک اپنے عہد کی پاسداری کریں۔ اگر امریکا اور یورپی ممالک عہد نبھائیں تو ایران بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔