نئے جاپانی سفیر پاک جاپان تعلقات مزید بہتر اور مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم

November 30, 2021

فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کے لیے جاپان کے نئے سفیر متسوشیرو کا کہنا ہے کہ جاپان کے سفیر کی حیثیت سے وہ جاپان پاکستان تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جاپان کے سفیر کا کہنا تھا کہ جاپان اور پاکستان کے تعلقات کی ترقی میں کردار ادا کرنا میرے لیے خوشی کا باعث ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون 1954 میں شروع ہوا تھا جو آج تک جاری ہے، پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود جاپانی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ کاروباری تعلقات قائم کیے ہیں، جاپانی کمپنیوں نے سرمایہ کاری اور روزگار کے ذریعے پاکستانی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

متسوشیرو نے کہا کہ مختلف شعبوں میں عوامی رابطوں نے بھی ہمارے تعلقات کو فروغ دیا ہے، مزید ترقی کے لیے کاروباری تعاون بھی بہت اہم شعبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر امریکا کے بعد جاپان پاکستان کے لیے دوسرا بڑا ڈونر ملک ہے۔