عالمی امن کیلئے افغانستان پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، جنرل باجوہ

December 01, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان عوام کی معاشی خوشحالی اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں کے ذریعے افغانستان پر عالمی اتفاق رائے پر زور دیا ہے۔وہ بحرین نیشنل گارڈ کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل شیخ عبدالعزیز بن سعود الخلیفہ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کے روز راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بحرین کیساتھ دوطرفہ روابط اور پائیدار کثیر الجہتی تعلقات برقرار رکھنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی سکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔معزز مہمان نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔انہوں نے افغانستان کی صورتحال سرحدی انتظام اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔