نک جونس بالی ووڈ میں قدم رکھنے کیلئے بےچین

December 01, 2021

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر امریکی گلوکار نک جونس بالی ووڈ کی صحیح پیشکش کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نک جونس نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کی تعریف کی اور اسے غیر معمولی قرار دیا، گلوکار نے انڈسٹری میں اپنے بہت سے دوستوں کا اعتراف بھی کیا اور اپنے ڈیبیو کا امکان ظاہر کیا۔

نک جونس نے کہا کہ ’مجھے بالی ووڈ کی فلمیں پسند ہیں، میں اپنی بیوی کے ساتھ رہنے کے بعد پچھلے کچھ سالوں میں بالی ووڈ سے کافی حد تک واقف ہوگیا ہوں اور میں اس فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے لیے دلچسپی رکھتا ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے اس انڈسٹری میں اب بہت سے دوست مل چکے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ صرف ایک غیر معمولی فلم انڈسٹری ہے، وہ جو کام کرتے ہیں وہ بہت متاثر کن ہے اور اگر مجھے موقع ملا تو میں ضرور بالی ووڈ میں ڈیبیو کروں گا۔‘

بالی ووڈ فلموں میں موسیقی کے بارے میں پوچھے جانے پر نک جونس نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ حیرت انگیز ہے، میں نے واضح طور پر بالی ووڈ میوزک کو کافی سُنا ہے اور ہماری شادی میں بھی بھارتی میوزک ہی چلا تھا جو کہ مجھے پسند آیا تھا۔‘

امریکی گلوکار نے کہا کہ ’یہ رقص کرنے کے لیے بہترین قسم کی موسیقی ہے اور یہ یقینی طور پر وہی ہے جو ہم اپنے گھر کی پارٹیوں میں بجاتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے وضاحت فراہم کیے بغیر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنے نام سے نِک جونس کا نام ہٹا دیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے۔

اس کے بعد پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے بیٹی کی طلاق کی خبروں پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ سب بکواس ہے، افواہیں مت پھیلائیں۔‘

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے سال 2018 میں یکم دسمبر کو ہندو اور 2 دسمبر کو عیسائی طرزِ سے شادی کی تھی۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا نے نک سے اس وقت ملاقات کی تھی جب وہ ہالی ووڈ شوز اور فلموں میں اداکاری کے لیے امریکا گئی تھیں۔