• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلاق کی افواہیں، پریانکا اور نِک نے مداحوں کی غلط فہمی دور کردی

بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ میں بھی اپنے ٹیلنٹ کا لوہا منوانے والی بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور اُن کے شوہر و امریکی گلوکار نِک جونس نے طلاق کی خبروں کی وجہ سے پریشان مداحوں کی غلط فہمی دور کردی۔

 فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پریانکا چوپڑا نے اپنے شوہر نِک جونس کے ہمراہ لی گئی اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں پریانکا چوپڑا نے نِک جونس کو گلے سے لگایا ہوا ہے جبکہ یہ تصویر میاں بیوی کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کررہی ہے۔

پریانکا چوپڑا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں نِک جونس سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں تُم سے بہت محبت کرتی ہوں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے صرف 5 گھنٹے پہلے ہی انسٹاگرام پر یہ پوسٹ شیئر کی ہے جسے اب تک 8 لاکھ 98 ہزار سے زائد افراد لائک کرچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے شوہر کے ساتھ تصویر شیئر کرکے بہت اچھا کام کیا ہے کیونکہ اس سے ہماری پریشانی ختم ہوگئی ہے۔

دوسری جانب نِک جونس نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پریانکا کے ہمراہ اپنی وہی تصویر شیئر کی۔


واضح رہے کہ حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے وضاحت فراہم کیے بغیر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنے نام سے نِک جونس کا نام ہٹا دیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی ہے۔

اس کے بعد پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے بیٹی کی طلاق کی خبروں پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ سب بکواس ہے، افواہیں مت پھیلائیں۔‘

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے سال 2018 میں یکم دسمبر کو ہندواور 2 دسمبر کو عیسائی طرزِ عمل کی شادی کی تھی۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا نے نک سے اس وقت ملاقات کی تھی جب وہ ہالی ووڈ شوز اور فلموں میں اداکاری کے لیے امریکا گئیں تھیں۔

تازہ ترین