سندھ کمیشن فار ریگولائزیشن آف کنسٹرکشن آرڈیننس کا مسودہ تیار

December 01, 2021


سندھ میں خلاف ضابطہ بنائی گئی زمینوں پر رہنے والوں کے لئے اچھی خبر ہے کہ صوبائی حکومت نے انسداد تجاوزات کاروائیوں کو روکنے کے لئے سندھ کمیشن فار ریگولائزیشن آف کنسٹرکشن کے نام سے آرڈیننس کا مسودہ تیار کیا ہے جسے وزیر اعلی سندھ نے گورنر عمران اسمعیل کو بھجوایا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسودے کے مطابق سندھ کمیشن فار ریگولائزیشن آف کنسٹریشن ریٹائر جج کی سربراہی میں قائم کیا جائے گا جس کے ارکان میں وزیر یا مشیر قانون، سیکریٹری محکمہ بلدیات و ٹاون پلاننگ اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈولپرز کے نمائندے سمیت بیس سال کا تجربہ رکھنے والا ماہر آرکیٹکٹ ، سینیئر وکیل اور ماہر تعمیرات اس کے ارکان میں شامل ہوں گے۔



مسودے کے مطابق کمیشن کو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے علاوہ تعمیرات کرنے والے بلڈر پر جرمانہ طے کرنے کا اختیار ہوگا۔

سندھ کمیشن فار ریگولائزیشن آف کنسٹریشن کا اطلاق کنٹونمنٹ بورڈز اور وفاقی حکومت کی زمینوں کے علاوہ پورے سندھ پر ہوگا۔ کمیشن کو عدالتی اختیارات حاصل ہوں گے اور یہ غیر قانونی تعمیرات کرانے والے افسران کے کرمنل کیسز درج کرانے کا حکم دے سکتا ہے۔