ویکسی نیشن سینٹرز میں کام کرنے والے 200 سے زائد ڈسپنسر فارغ

December 02, 2021

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے مختلف ویکسین سنٹرز میں کام کرنیوالے 200سے زائد ڈسپنسرز کو ملازمتوں سے بر طرف کر دیا ۔یہ اقدام پنجاب حکومت کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے پانچ نومبر کے خط پر اٹھایا گیا ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے17جون،8ستمبر اور31جولائی کو ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی کئے گئے ڈسپنسرز کو فارغ کیا جس سے کورونا ویکسی نیشن مہم متاثر ہوسکتی ہے۔ فارغ ہونے والے ڈسپنسرز کا موقف ہے کہ اس اقدام سے عوام کے تحفظ کے لئے کورونا کے پھیلاو کے اقدامات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ حکومتی عہدیداروں کی طرف سے یہ دعوے کئے جا رہے تھے کہ ایک اور خطرناک کورونا وائرس (اومی کرون) سے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے ویکسی نیشن کا دوسرا مرحلہ شروع کردیا گیا ہےلیکن ڈسپنسرز کو فارغ کرکے عملا ویکسی نیشن مہم کو متاثر کیا گیا ہے۔