23315 مرد و خواتین اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے جائیں گے، شہرام ترکئی

December 02, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے پورے صوبے کے تمام اضلاع سے مرد و خواتین کی بھرتی کیلئے اشتہارات شائع ہو چکے ہیں اور پورے صوبے میں مختلف کیڈر کے تقریبا 23315مرد و خواتین اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ان اساتذہ کی بھرتی سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پورے ہونے میں مدد ملے گی اور قابل و ذہین اساتذہ میرٹ پر بھرتی ہو کر سسٹم میں شامل ہو جائینگے جس سے محکمہ تعلیم میں درس و تدریس کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔ اپنے یہاں سے جاری شدہ اپنے بیان میں وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ٹیسٹنگ ایجنسی ایٹا کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور ان کو ہدایت ہے کہ جلد از جلد بھرتی کا عمل مکمل کریں جس کے لئے تمام اضلاع سے سے اشتہارات شائع ہونے کا عمل جاری ہے اور جلد ہی ٹسٹ و انٹرویو کا عمل شروع ہوگا۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تعلیم کو بطور پیشہ اپنانے والے قابل و ذہین نوجوانوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے وہ اپلائی کرے اور ٹیسٹ و انٹرویو کے لئے محنت کریں بطور پیشہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کو بہترین سروس سٹرکچر اور ترقی کے مواقع موجود ہیں۔ آسامیوں کی تفصیلات کے حوالے سے وزیر تعلیم نے کہا کہ ان آسامیوں میں پی ایس ٹی، سی ٹی، سی ٹی آئی ٹی، ٹی ٹی، پی ای ٹی، اے ٹی، اور ڈی ایم کی 13967 میل اور 8,757 فیمیل آسامیاں شامل ہیں۔ جب کہ 591 ایس ایس ٹیز آسامیوں بشمول ٹوٹل 23315 آسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل ہو گا۔ جس میں اقلیت اور معذور افراد کے لیے بھی کوٹہ مختص ہے۔