شمالی کوریا کا میزائل، ہتھیار پروگرام علاقائی سلامتی متاثر کر رہا ہے، امریکی وزیر دفاع

December 02, 2021

امریکا کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل اور ہتھیاروں سے متعلق پروگرام علاقائی سلامتی کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے۔

امریکی وزیر دفاع گزشتہ روز جنوبی کوریا کے دورے پر سیول پہنچے ہیں جہاں انہوں نے جنوبی کوریا کے ہم منصب سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ سفارتکاری کے راستے تلاش کرنا بہترین اپروچ ہے، چین کی جانب سے جولائی میں کئے گئے ہائپرسونک ٹیسٹ نے امریکی فوج کے لیے ایک مشکل چیلنج بنا دیا ہے۔

اس موقع پر جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے امریکی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے مشترکہ دفاعی پوزیشن برقرار رکھنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے ملٹری آپریشنل کنٹرول ٹرانسفر کے حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، 2022 میں نئی ملٹری کمبائنڈ فورس کمانڈ کا جائزہ لیں گے۔