گزر بسر سلمان خان کی دی ہوئی رقم پر نہیں، آیوش شرما

December 02, 2021

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی چھوٹی بہن ارپیتا کے شوہر اداکار آیوش شرما نے کہا ہے کہ ان پر الزام ہے کہ ان کے پاس جو بھی کچھ ہے وہ سب سلمان خان کا دیا ہوا ہے۔

اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ بات درست نہیں ہے، کیونکہ وہ اپنی جیب سے اپنے اخراجات پورے کرتے ہیں اور انکا گزر بسر سلمان خان کی دی ہوئی رقم پر نہیں۔

بھارتی فلمی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آیوش شرما نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے میری زندگی میں کچھ ایسا ہوگیا ہے کہ اب کچھ چھوٹا سا کام بھی کروں تو یہی کچھ کہا جاتا ہے، تم نے کار خریدی، اچھا یہ تو سلمان نے دلائی ہوگی، اچھا تم نے فلاں کام کیا، اچھا وہ تو سلمان نے کروایا ہوگا۔

تو میں اس پر یہ کہتا ہوں کہ میرے پاس بھی پیسے ہیں، میں ایسے ہی ادھر ادھر نہیں پھرتا، لیکن اگر آپ کو یہی سب کچھ کہنا ہے تو ٹھیک ہے، مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

آیوش کا کہنا ہے کہ وہ تنقید اور منفی باتوں پر ناراض نہیں ہوتے، ٹرولنگ پر بھی خوش ہوتا ہوں تاہم ہمیشہ یہ بات ذہن میں ہوتی ہے کہ میں انھیں غلط ثابت کروں گا۔

انکا کہنا تھا کہ وہ تنقید پر مکمل بلاکنگ نہیں کرتے، لیکن وہ حقیقی اور غیر حقیقی تنقید میں فرق ضرور کرتے ہیں۔ دراصل حقیقی تنقید آپ کی اصلاح کرتی ہے۔