گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ ہیری پوٹر کے دیوانے نکلے

December 02, 2021

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ ہیری پوٹر کے دیوانے نکلے، 15 طلبہ پر مشتمل ٹیم نے محدود وسائل سے ایسی فلم بنا ڈالی جسے چھوٹے بڑے پسند کرنے لگے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ جی سی یونیورسٹی کی تاریخی عمارت میں کی گئی، جو ہاگ ورڈ اسکول سے ملتی جلتی ہے۔

ان دنوں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے بخاری آڈیٹوریم میں ہفتہ ہیری پوٹر فیسٹیول منایا جا رہا ہے، جہاں طلبہ نے جادو اور فکشن سے بھرپور ہیری پوٹر فین بیسڈ فلم دی لاسٹ فالور بنا ڈالی۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مثبت کردار ادا کر تے دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جادو کی دنیا پر مبنی اس فلم میں کالج کے طالب علموں نے اپنے محدود وسائل سے نئی تاریخ رقم کر ڈالی ہے۔ طالب علموں نے جادو اور فکشن سے بھرپور یہ فلم بناکر ثابت کر دیا کہ ان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔