علماء اکرام پولیو سے متعلق آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں،ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

December 03, 2021

پشاور(جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصرنے تمام محکمہ جات اور علماء اکرام سے کہا ہے کہ پولیو سے متعلق آگاہی اور ویکسینیشن میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر تمام محکمہ جات بشمول ڈسٹرکٹ خطیب ایبٹ آباد کے شہریوں میں پولیو سے متعلق آگاہی کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ تمام والدین پولیو جیسی موذی مرض کے بارے میں واقفیت حاصل کریں اور اپنے 05 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔یہ ہدا یا ت انہو ں نے گزشتہ روز انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدا رت کر تے ہو ئے جا ری کیں۔ اجلاس میں ڈسٹر کٹ خطیب مفتی عبد الوا جد، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ایبٹ آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فائنانس اینڈ پلاننگ، ڈپٹی ڈی ایچ او، پولیو کوآرڈینیٹر، محکمہ صحت اور دیگر تمام محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔محکمہ صحت کے افسران نے آئندہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تیاری اور اہداف کے حوالے سے آگاہ کیا۔