وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی پاکستان آمد، الیکشن لڑنے کا اشارہ

December 03, 2021

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان پاکستان پہنچ گئیں اور الیکشن لڑنے کا اشارہ دے دیا۔

لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو میں ریحام خان نے کہا کہ لندن پلان کا پہلے کبھی حصہ رہی اور نہ ہی اب ہوں۔

دوران گفتگو ریحام خان، سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات سے متعلق سوال کا جواب گول کرگئیں اور کہا کہ سیاسی لیڈر سے فاصلہ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔

وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ نے مزید کہا کہ نواز شریف واپس آئیں گے تو سیاست میں تبدیلی آئے گی، آج کی تاریخ تک مسلم لیگ ن فاتح پارٹی ہے اور اس کا ٹکٹ بھی فتح کانشان ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اختیارات دینے والی کسی فاتح پارٹی کی طرف سے پیشکش ہوئی تو الیکشن لڑنے میں دلچسپی لوں گی۔

ریحام خان نے یہ بھی کہا کہ ایک غلط ذاتی فیصلہ میں نے کیا اور ایک گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ غلط فیصلے کے بارے میں مجھے 6 ماہ میں ہی پتا چل گیا تھا، اسی طرح چوہدری سرور کو بھی چل گیا۔