پاکستان، یورپی یونین کے مذاکرات، اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر عملدرآمد پرغور

December 04, 2021

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان ،یورپی یونین کےمذاکرات،سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر عملدرآمدپرغور ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کا روایتی دوست اور بڑا سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہے۔ پاکستان یورپی یونین کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پر عزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان یورپی یونین سیاسی ڈائیلاگ کا ساتواں مرحلہ جمعہ کو ورچول فارمیٹ میں ہوا۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ یورپی یونین کے وفد کی قیادت یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا کر رہے تھے۔مذاکرت کے دوران دو طرفہ پاکستان ای یو اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر جامع عملدرآمد،علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت سمیت دو طرفہ تعلقات سے متعلق تمام امور زیر بحث لائے گئے۔ سیکرٹری خارجہ نے دو طرفہ تعلقات میں مثبت رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور یورپی یونین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔جی ایس پی پلس کو باہمی مفید اقدام قرار دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے ترجیحی تجارتی سکیم کے تحت 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عمل درآمد کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔سیکرٹری خارجہ نے جی ایس پی پلس سے متعلق یورپی کمیشن کی نئی قانون سازی کی تجاویز پر پاکستان کے موقف سے بھی آگاہ کیا۔