ٹیکسٹائل ملوں نے گیس کی خریداری بندکردی، بجلی پر منتقل

December 04, 2021

لاہور(تجمل گرمانی) گیس قیمتوں میں اضافہ کے بعد ملک بھر کی 70 ٹیکسٹائل ملوں نے گیس کی خریداری بند کر دی ہے اور ٹیکسٹائل ملیں بجلی پر منتقل ہو گئی ہیں۔حکومت نےگزشتہ ماہ ٹیکسٹائل ملوں میں نصب کیپٹو پاور پلانٹس کیلئےگیس کی قیمتیں ساڑھے 6 ڈالر سے بڑھا کر9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹو یو کردی تھیں جس کے خلاف ٹیکسٹائل مل مالکان کا احتجاج جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے گیس قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ مسترد کر دیا جس کے بعد ملوں نے گیس کی خریداری بند کردی اور بجلی پر منتقل ہو گئی ہیں۔آپٹما ڈرائع نے کہا کہ ملک بھر میں70سے زائد ٹیکسٹائل ملوں میں کیپٹو پاور پلانٹس نصب ہیں جن میں 60 پہلے ہی بجلی پر چل رہے ہیں جبکہ باقی 10 ملوں کی لسٹ بھی لیسکو سمیت دیگربجلی کمپنیوں کو مہیا کر دی گئی ہے اور فوری بجلی کنکشن مہیا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، ان ملوں کو 350میگا واٹ بجلی ضرورت ہو گی۔