کینیڈا میں بھی کورونا کی نئی قسم پہنچ گئی

December 04, 2021

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پہلے 3 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈا میں اومی کرون ویرینٹ پازیٹو کے 2 افراد حالیہ دنوں میں نائجیریا سے واپس آئے تھے جبکہ تیسرا متاثر شخص سوئٹزرلینڈ سے واپس آیا تھا۔

واضحرہے کہ اب تک دنیا بھر کے تقریباً 40 ممالک میں اومی کرون ویرینٹ کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقا سے سامنے آنے والی نئی قسم کو ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق پریشانی کی بات یہ ہے کہ نئی قسم میں مجموعی طور پر 50 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ اس کی نسبت کچھ عرصہ قبل دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا کی ڈیلٹا قسم میں صرف 2 جینیاتی تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

برطانوی طبی ماہرین کے مطابق بھی کورونا کی یہ قسم اب تک سامنے آنے والی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔