عالمی اردو کانفرنس، 250 سے زائد اسکالر، ادیب شرکت کرینگے، احمد شاہ

December 05, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ کوورڈ وباء کے باعث گزشتہ سال کافی تعداد میں بڑے دانشوروں کا انتقال ہوا جو عالمی اردو کانفرنس کا حصہ ہوتے تھے،تاہم رواں سال کی عالمی اردو کانفرنس میں، سرحدی اور کوورڈ پابندیوں کے باوجود دنیا بھر اور اندرون ممالک سے 250 سے زائد دانشور، اسکالر، ادیب اور شاعر شرکت کریں گے ۔ جب کہ بھارت کے تمام بڑے شاعر اور ادیب ڈیجیٹل پر کانفرنس میں موجود رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ سالانہ جنرل باڈی اجلاس 26 دسمبر اتوار کو شام چھ بجے منعقد ہو گا جب کہ نیشنل کلچر کانفرنس مارچ کے دوسرے عشرے میں منعقد ہو گی ۔ صدر محمد احمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کلچر کانفرنس میں چاروں صوبوں کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا ۔ صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو افتتاحی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔