• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا احساس ہے، مصدق ملک

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عام آدمی پیٹرول قیمتوں میں اضافے سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا احساس ہے، عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران جنگ کے باعث پوری دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے سے ہر چیزمہنگی ہوجاتی ہے،وزیراعظم ریلیف اسکیم کے تحت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت بڑھ رہی ہے،جتنا عوام کا حق ہے وہ ریلیف تو دیا جائے گا،جو لوگ کروڑوں کی گاڑیاں چلا رہے ہیں، ان کا بھی ملک ہے،لیکن پہلا حق چھوٹی گاڑی والے کا ہے۔

سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے کوشش کی کہ سب سے پہلے غریب آدمی کو ریلیف دیاجائے،لیوی 80 روپے اور کاربن لیوی 5 روپے ہے،وزیراعظم نے 100 روپے کا ریلیف دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ریلیف دیا جارہا ہے وہ ٹیکس سے زیادہ ہے،ہم سمجھتے ہیں اب بھی جو ریلیف دیا جارہا ہے وہ ناکافی ہے،ہماری معیشت جو بوجھ اٹھا سکتی تھی اُس حد تک ہم نے اٹھالیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جنگ تھم جائے گی تو پوری دنیا کو ریلیف ملے گا، پیٹرول ریلیف کی اسکیم اسلام آباد میں شروع ہوچکی ہے، آئندہ چند دنوں میں یہ اسکیم پورے ملک میں لانچ کردی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید