اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کیس میں الیکشن کمیشن کو کیا ہدایت دی؟

December 06, 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی کورٹ میں اپیل زیر التوا ہونے پر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس پر کارروائی نہ روکے، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ڈیڑھ سال تک معاملہ یہاں تھا، اُس وقت بھی چھپن چھپائی کا کھیل جاری رہا۔

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنچ نے فیصل واؤڈا کی الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس رکوانے کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی تو درخواست گزار فیصل واؤڈا کے اپنے ہی وکیل پیش نہ ہوئے اور ان کے معاون وکیل نے عدالت سے التوا کی درخواست کی ۔

جسٹس عامر فاروق نےاستفسار کیا یہ کیس کب سے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے؟ ڈیڑھ سال تک تو یہ معاملہ یہاں رہا ،اُس وقت بھی چھپن چھپائی کھیلی جاتی رہی، آپ اس عدالت سے التوا مانگ کر پھر الیکشن کمیشن میں اپیل ہائی کورٹ میں زیر التوا ہونے پر ریلیف مانگیں گے۔

عدالت نے آرڈر میں لکھوایا کہ الیکشن کمیشن ،ہائی کورٹ معاملہ زیر التوا ہونے کی بنیاد پر کارروائی نہ روکے، انٹراکورٹ اپیل پر مزید سماعت 9 دسمبر کو ہو گی ۔