ڈھاکہ ٹیسٹ، ساجد خان نے ٹائیگرز کو اشاروں پر نچا دیا، 76 پر 7 آؤٹ

December 08, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آف اسپنر ساجد خان کی کیریئر بیسٹ بولنگ اور نا قابل یقین اسپیل کے باعث بارش سے متاثرہ ڈھاکا ٹیسٹ پر 26 اوورز کے اسپیل میں پاکستانی ٹیم جیت کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ ساجدٹائیگرز کو انگلی کے اشاروں پرنچاتے رہے، آخری دن موسم بہتر ہے اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے تیرہ وکٹوں کی ضرورت ہے۔ دوسرے دن38گیندوں کا کھیل ہوا تیسرے دن ایک بھی گیند پھینکی نہ جاسکی۔ منگل کو میچ تاخیر سے شروع ہوا۔ پاکستان نے300 رنز چار وکٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اس کے بعد ساجد خان کا جادو چل گیا۔ بنگلہ دیشی بیٹسمین اسپن بولنگ کے سامنے غیر ذمے داری سے اسٹروکس کھیلتے ہوئے وکٹیں گنواتے رہے۔کپتان مومن الحق غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آوٹ ہوئے۔ شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں چوتھے جس وقت خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم ہوا بنگلہ دیش شد ید مشکلات سے دوچار تھا اس نے سات وکٹ پر76رنز بنائے۔ تمام دن فلڈ لائٹس آن رہیں۔ نجم اور شکیب کے علاوہ اب تک میزبان ٹیم کا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں شامل نہیں ہوسکا ہے۔ پاکستان کی برتری کو ختم کرنے کے لئے اسے224 اور فالوآن سے بچنے کے لئے مزید25 رنز کی ضرورت ہے۔ تجربہ کار شکیب الحسن تین چوکوں کی مدد سے 32گیندوں پر23 اور ان کے ساتھ تیج الاسلام صفر پر کریز پر موجود تھے۔ چو تھا ٹیسٹ کھیلنے والے ساجد خان نے35 رنز دے کر چھ شکار کرچکے ہیں ۔ انہوں نے ابتدائی تین ٹیسٹ میں چھ اورچٹا گانگ ٹیسٹ میں چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ نعمان علی کو وکٹ نہ مل سکی ۔ شادمان اسلام نے 3 رنز، محمود الحسن (0)، نجم الحسن 30 ، مومن الحق (1)، مشفیق الرحیم (5)، مہدی حسن (0) اور لٹن داس نے صرف 6 رنز بنائے۔ قبل ازیں چوتھے روزپاکستان کی اننگز سے کھیل شروع ہوا۔ اظہر علی 56 رنز اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ رضوان نے 86 گیندوں پر ایک چھکا اور 4 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی جبکہ فواد عالم نے 96 گیندوں پر 7 چوکے لگا کر نصف سنچری اسکور کی۔ فواد عالم 50 رنز بناکر اور محمد رضوان 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز پر ڈیکلیئر کردی۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے تھے ۔