اسٹاک ایکسچینج میں دوسری جی ای ایم بورڈ کمپنی کی لسٹنگ مکمل

December 08, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے دوسری جی ای ایم بورڈ کمپنی کی لسٹنگ مکمل کرلی ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے اپنے گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم) بورڈ، میں یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ (یو این ایس )کی لسٹنگ کرتے ہوئے دوسر ی کمپنی کی بھی لسٹنگ مکمل کرلی۔ ای کامرس لاجسٹک سیکٹر میں یہ پہلی کمپنی ہے جس کا پی ایس ایکس، جی ای ایم بورڈ میں اندراج عمل میں آیا ہے۔جی ای ایم بورڈ میں دوسری لسٹنگ کا افتتاح کرنے اور تجارتی دن کے آغاز کے لیے ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔تقریب میں پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان ،یو این ایس کے چیئرمین ، عارف الٰہی؛ یو این ایس کے سی ای او، عمران بکساموسیٰ؛ ٹاپ لائن سیکورٹیز لمیٹڈ کے سی ای او، محمد سہیل، سی ای او عارف حبیب لمیٹڈ، شاہد علی حبیب؛ جبکہ پی ایس ایکس، یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ، ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور عارف حبیب لمیٹڈ سمیت شرکت کرنے والی تنظیموں کی اعلیٰ انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔ٹاپ لائن سیکورٹیز لمیٹڈ اورعارف حبیب لمیٹڈ اس اِیشو کے مشترکہ ایڈوائزرز تھے۔یو این ایس کے چیئر مین عارف الٰہی اور وسیم اکرم، یو این ایس کے اینکر شیئر ہولڈر، اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پی ایس ایکس کی جانب سے تقریب کے دوران مہمان خصوصی اور چار شریک تنظیموں ،ٹاپ لائن سیکورٹیز لمیٹڈ، عارف حبیب لمیٹڈ، یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ،کی سینئر انتظامیہ اور دیگر شرکاء میں مومینٹوز تقسیم کیے گئے ۔تقریب میں موجود نمایاں مہمانوں میں کراچی میں چین کے قونصل جنرل لی بی جیان ، کراچی میں جرمنی کے قونصل جنرل ہولگر زائیگلر اور عرفان صدیقی، صدر اور سی ای او، میزان بینک لمیٹڈ بھی شامل تھے۔ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ خان کا کہنا تھا کہ جی ای ایم بورڈ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں ایک اہم جدّت ہے۔