دو روز میں تنخواہیں نہ ملیں تو احتجاج ہو گا، واسا یونین کی دھمکی

December 08, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی ملتان کی غازی یونین (سی بی اے) دھمکی دی ہے کہ دو روز میں تنخواہیں نہ ملیں تو احتجاج کیا جائے گا۔سی بی اے نے الزام عائد کیا کہ واسا انتظامیہ کی جانب سے سیلف انکم سے ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کی بجائے کمیشن کے چکر میں ٹھیکیداروں کے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے بل کلیئر کروا دیے ، جبکہ بجلی کے بلوں کی مد میں میپکو کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی ادائیگی بھی کر دی - جس کی وجہ سے واسا کے پاس سیلف انکم میں سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے رقم نہیں بچی ، مطلوبہ رقم نہ ہونے سے ایک ہزار سے زائد ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے درجہ چہارم کے ملازمین کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پر چکے ہیں ، جبکہ کئی ملازمین بچوں کی فیسیں ادا کرنے سے قاصر ہیں - واسا ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی معاشی مشکلات کم ہوں۔