• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کے معائنہ سے متعلق میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی آنکھوں کے معائنہ سے متعلق میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معائنہ 15 فروری 2026 کو کیا گیا، ماہر امراضِ چشم کے میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اورپمز اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان بھی شامل تھے۔

بانی پی ٹی آئی کی عینک کے ساتھ دائیں آنکھ کی بینائی بہتر ہو کر 6/9 اور بائیں آنکھ کی بینائی 6/6 ہے، دائیں آنکھ کے معائنے میں پردہ بصارت پر سوزش کے آثار پائے گئے ہیں، دائیں آنکھ کی سوجن میں کمی آئی ہے، جو بہتری کی علامت ہے، ماہرین نے اینٹی وی ای جی ایف علاج کی تکمیل کے بعد او سی ٹی اینجیو گرافی اور ایف ایف اے ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا۔

اس سے پہلے  دی نیوز  کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی کا معائنہ کرنیوالی پمز اور الشفا انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم میں تجویز کیے گئے ڈاکٹر ندیم قریشی بھی شامل تھے۔

معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے بانی کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز نہیں دی، پی ٹی آئی کے ساتھ طے شرائط کے باوجود معائنے کے وقت اُن کا کوئی رہنما جیل نہیں آیا، معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج خرم مرزا اور عاصم یوسف، راجہ ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر کو بریف کیا گیا، پی ٹی آئی کے ساتھ رابطوں میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معائنہ کرنے کیلئے 2 رکنی میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، ڈاکٹر ندیم قریشی اور محمد عارف خان نے ان کی آنکھوں کا چیک اپ کیا۔

میڈیکل بورڈ کے چیک اپ کے بعد اپوزیشن کے 2 رہنماؤں نے پمز اسپتال کا دورہ کیا، اپوزیشن رہنما علامہ ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر خان رات 9 بجے اسپتال آئے۔

دونوں رہنماؤں کو پمز آمد پر بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بریف کیا گیا، دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو بھی ٹیلی فون لائن پر لیا گیا۔ 

دوسری جانب اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے بانی پی ٹی آئی کے علاج اور دیگر اقدامات کے بارے میں چیف جسٹس کو آگاہ کیا اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی علاج کے بعد 67 سے 70 فیصد بحال ہے۔

قومی خبریں سے مزید