ایم کیو ایم واپس وہی دن لانا چاہتی ہے، سعید غنی

December 08, 2021


وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان دوبارہ شہر کو لاشوں اور قتل و غارت گری کی طرف لے جانا چاہتی ہے، کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ نفرت اور لسانی سیاست تھی جو ختم ہوگئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی ہر زبان بولنے والے کا شہر ہے، ایم کیو ایم کی نفرت انگیز مہم کی مذمت کرتا ہوں، عوام بھی یہ مہم مسترد کریں گے، سیاسی جماعتوں کا کام ہے کہ عوامی مسئلہ پر آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ دھوکے بازی اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی سیاست بند کی جائے، ایم کیو ایم کے احتجاج اور بینرز میں لگنے والے نعرے دیکھ لیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، اشیاء خورونوش کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گئی، یہ قانون سازی کے خلاف تو احتجاج کرتے ہیں مہنگائی پر خاموش ہیں، ہم پہلے بھی اپنی آواز بلند کرچکے اور 10 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاج کرینگے۔

سعید غنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے سیاسی مفادات کے لیے مختلف قومیتیوں میں دوری بڑھا رہی ہے، ان کے مظاہروں اور بینرز میں جو زبان استعمال ہورہی ہے وہ مناسب نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گیس کی قلت پنجاب میں سب سے زیادہ ہے، جو ایل این جی باہر سے آتی ہے وہ تاجروں کو 15 ڈالر میں ملتی ہے جبکہ پنجاب والوں کو یہی ایل این جی 9 ڈالر میں ملتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم عوام کے ساتھ کھڑی ہے تو عوامی مسائل پر احتجاج کرے، ایم کیو ایم والے شہری علاقوں کا ٹھیکیدار بنتے ہیں، ان کے مظاہرے ناکام ترین ہیں، جب پیپلز پارٹی کا احتجاج ہوگا تو انہیں پتا چل جائے گا کہ احتجاج کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گیس اور پیٹرول کی قلت و قیمت پر اب ایم کیو ایم کی آواز نہیں نکلتی، جو چار بار قیمتوں میں اضافے پر ہماری حکومت سے الگ ہوئی تھی، یہ ڈرامے بازیاں کرتے ہیں مگر وزارت نہیں چھوڑتے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے بل پاس ہونے کے بعد گورنر کے پاس بھیجنا آئینی ہے، بل کی منظوری یا مسترد کرنا گورنر کا آئینی اختیار ہے، گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ گورنر صاحب کو بل سمجھانے ہی گئے تھے، انہیں اگر بل سمجھ آگیا تو یہ اچھی بات ہے۔