بی ایس نرسنگ پروگرام کی اہل طالبات کی میرٹ لسٹ آویزاں کرنے کافیصلہ

December 09, 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے چار سالہ بی ایس نرسنگ پروگرام کی اہل طالبات کی میرٹ لسٹ آویزاں کرنے کا فیصلہ کر لیا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈی جی نرسنگ کو بی ایس نرسنگ میں داخلے کے لئے میرٹ لسٹ فوری جاری کرنے کی ہدایت کردی۔یہ فیصلہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا ۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ چار سالہ بی ایس نرسنگ کی کلاسیں یکم جنوری 2022 سے شروع کی جائینگی۔ نرسنگ پروگرام میں داخل 1400 طالبات کو پنجاب کے 15 نرسنگ کالجز میں تعلیم دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ 28 ڈی ایچ کیو لیول سرکاری نرسنگ کالجز کے الحاق کا معاملہ 13دسمبر کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سنڈیکیٹ کے اجلاس میں پیش کر کے منظوری حاصل کر لی جائے گی۔